۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
امیر جماعت اسلامی پاکستان

حوزہ/ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ گزشتہ بارہ سالوں میں کئی بار پی پی پی کی حکومت کے باوجود بے نظیر بھٹو شہید کے قاتل گرفتار نہ ہونا پی پی اور پوری قوم کے لیے سوالیہ نشان ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور انکی کابینہ نقل کے باوجود فیل ہے، پی ٹی آئی کی حکومت صرف کچھ اداروں کی مرہون منت ہے۔ وزیراعظم کی تیاری نہیں تھی تو حکومت جیسے امتحان میں کیوں بیٹھے، پی ڈی ایم میں شامل نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ ان کا عوام کو دھوکے میں رکھنا ہے، یہ نظام قاتلوں کے لیے ہے، ظالم، غاصب، کرپٹ اور مافیاز آزادانہ دندناتے پھرتے ہیں، کوئی بھی ان ظالموں کو آج تک سزا نہیں دے سکا۔ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر پیپلز پارٹی سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں لیکن گزشتہ بارہ سالوں میں کئی بار پی پی پی کی حکومت کے باوجود بے نظیر بھٹو شہید کے قاتل گرفتار نہ ہونا پی پی اور پوری قوم کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت مخالف جاری تحریک کے لکی مروت میں چھٹے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم خان، امیر جماعت اسلامی کے پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان، کے پی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان، عزیز اللہ خان مروت و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس ملک میں لیاقت علی خان، جنرل فضل حق، جنرل ضیاء الحق کے قاتل آج تک گرفتار نہ کیے جاسکے، نقیب اللہ محسود کا قاتل آج بھی ہمارے پورے نظام کا مذاق اڑا رہا ہے۔ جماعت اسلامی ذات پات اور موروثیت پر یقین نہیں رکھتی بلکہ ایک مکمل جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے۔ جماعت اسلامی، اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آج پاکستان کو بڑے خطرات درپیش ہیں، انڈیا نے اس وقت ہمارے ملک کا محاصرہ کیا ہوا ہے، وزیراعظم کہتے تھے کہ کشمیر کا سفیر بنوں گا، انہوں نے کشمیر کا سفیر بننے کا اعلان کر کے مقبوضہ کشمیر بھارت کے حوالے کردیا۔ ان حکمرانوں کے ہاتھوں میں ہمارا ملک محفوظ نہیں ہے، آج بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے نمائندے اسلام آباد میں ہمارے فیصلوں پر اثر انداز ہورہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے پریشر کی وجہ سے بجلی گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے اور پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے پسی ہوئی عوام پر مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر دباﺅ ہے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرے، ہم کسی صورت بھی قبلہ اول کی سرزمین سے دستبردار نہیں ہوسکتے، یہ وہ مقدس گھر ہے جس میں نبی اکرم نے تمام انبیائے کرام ؑ کی امامت کرائی۔ سینیٹر سراج الحق نے بچے اور بچیوں سے زیادتی کے ملزم کی نامرد کرنے کی سزا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام مسائل کا واحد حل اسلامی قوانین پر عملدرآمد ہے۔ اللہ اور اس کے رسول کے بنائے ہوئے قوانین کی موجودگی میں کسی نئے قانون کو نہیں مانتے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو یہاں سے سودی نظام کا خاتمہ اور یکساں نظام تعلیم کا نفاذ کیا جائے گا، تمام کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب جماعت اسلامی ہی کرے گی۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو عوام کو سبز باغ دکھانے کی روش سے باز آنا ہوگا، ہماری حکومت مخالف تحریک جاری رہے گی ملک بھر میں بڑے پیمانے پر جلسوں کا شیڈول جلد جاری کریں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .